اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) یوم عاشورہ کا پُرامن انعقاد، انتظامیہ کی مثالی کارکردگی پر خراجِ تحسین،شیخ ناصر سلیم کی میزبانی میں تقریب، اداروں اور شہریوں کے مثالی تعاون کو سراہا گیا
یوم عاشورہ کے موقع پر اوچ شریف میں امن و امان، نظم و ضبط اور ہم آہنگی کی قابلِ تحسین مثال قائم ہوئی، جس پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ، پولیس، اور ریسکیو 1122 کی خدمات کو بھرپور سراہا گیا۔ اس سلسلے میں صدر چیمبر آف ایگریکلچر جنوبی پنجاب اور معروف سماجی رہنما شیخ ناصر سلیم کی رہائش گاہ پر ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ بہاولپور، کمشنر بہاولپور ، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ،ارپی او بہاولپور ڈی پی او بہاولپور سمیت تحصیل احمد پور شرقیہ کی انتظامیہ، مقامی پولیس اوچ شریف اور ریسکیو 1122 کے افسران اور دیگر معززین شریک ہوئے۔
تقریب کا مقصد عاشورہ جیسے حساس دن کے پُرامن اور منظم انعقاد پر تمام متعلقہ اداروں کی انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اپنے خطاب میں شیخ ناصر سلیم نے کہا کہ "انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو سروسز نے نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا بلکہ عوام کے ساتھ قریبی تعاون سے اتحاد، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا، جو پورے خطے کے لیے قابلِ فخر مثال ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اداروں کی لگن اور عوامی شعور کے باہمی اشتراک کا ثمر ہے، جس نے اوچ شریف کو امن، بھائی چارے اور اعتماد کی علامت بنا دیا ہے۔ شیخ ناصر سلیم نے ان تمام اداروں کو عوام کا سچا خادم قرار دیتے ہوئے ان کی شب و روز محنت پر دلی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شریک افسران نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے شہریوں کے تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت، سیکیورٹی، اور امن کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
تقریب کا اختتام ملک کی ترقی، امن، استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔ یہ تقریب اوچ شریف میں اداروں اور عوام کے درمیان مضبوط تعلق اور باہمی اعتماد کی روشن علامت بن کر سامنے آئی۔