سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)تاریخ میں پہلی بار خواتین افسران ضلعی و تحصیل سطح پر تعینات، انتظامی قیادت میں نئی مثال قائم

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک تاریخی تبدیلی رونما ہوئی ہے جہاں ضلعی اور تمام تحصیل سطح پر اعلیٰ انتظامی عہدے باصلاحیت خواتین افسران کے سپرد کیے گئے ہیں۔ اس انقلابی اقدام کو نہ صرف صنفی مساوات کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کا واضح اعتراف بھی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی حیثیت سے صبا اصغر علی نے چارج سنبھالا ہے اور یوں ضلع سیالکوٹ کی اعلیٰ ترین انتظامی سربراہی پر پہلی بار کسی خاتون کو فائز کیا گیا ہے۔ اسی طرح چاروں تحصیلوں میں بھی باصلاحیت خواتین کو اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

انعم بابر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہیں، جبکہ سدرہ ستار کو پسرور میں، غلام فاطمہ کو سمبڑیال میں اور سعدیہ جعفر کو ڈسکہ میں اسسٹنٹ کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح ضلع بھر میں تمام انتظامی افسران کی قیادت خواتین کو سونپی گئی ہے۔

عوامی حلقے اس اقدام کو نہایت خوش آئند قرار دے رہے ہیں جو نہ صرف خواتین کو فیصلہ سازی کے مرکزی کردار میں لاتا ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک متاثر کن مثال بھی قائم کرتا ہے۔ سیالکوٹ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ضلعی سطح سے لے کر تحصیل سطح تک قیادت کی باگ ڈور مکمل طور پر خواتین کے ہاتھوں میں دی گئی ہے۔

Shares: