سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈی سی آفس سیالکوٹ میں کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں، ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی، اربن فلڈنگ اور دیگر خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اجلاس کو شہری و دریائی سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ نالہ بھمبر، نالہ ایک اور اپر چناب کی بروقت صفائی، مشینری، عملے اور ہنگامی پلان کے ذریعے صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس کی نشاندہی ہو چکی ہے اور وہاں صاف پانی اور کھانے کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نوید حیدر شیرازی نے خبردار کیا کہ گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں معمول سے 40 سے 60 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ وقفے وقفے سے شدید بارشیں اور کلاوڈ برسٹ کے خدشات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔ خطرناک عمارتوں کو فوری خالی کروانے کا حکم دیا گیا تاکہ کسی انسانی المیے سے بچا جا سکے۔

کمشنر نے گیپکو کو ہدایت کی کہ بجلی کے پولز کا تحفظ یقینی بنائیں، خاص طور پر کمزور یا جھکے ہوئے پولز کی فوری مرمت کی جائے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نالوں کی ڈی سلٹنگ کا سرٹیفکیٹ فوری جمع کروائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں ہیڈ مرالہ اپ سٹریم پر بھی بارشوں کا ایک مضبوط نظام متوقع ہے، جس کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں سے نہ صرف شہریوں بلکہ ان کے مویشیوں کا بھی بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے، اور ونڈا، چارا، ویکسین سمیت تمام سہولیات کی دستیابی برقرار رکھی جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیالکوٹ انتظامیہ کی جانب سے نالوں کی بروقت صفائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید 100 ٹینٹس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے اعادہ کیا کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عملہ، مشینری، اور دیگر وسائل ہمہ وقت تیار ہیں، اور متاثرہ آبادی کے فوری انخلاء کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔

Shares: