ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ضلع کونسل ٹھٹھہ نے مالی سال 2025-2026 کے لیے 75 کروڑ 17 لاکھ 42 ہزار 920 روپے کا سرپلس بجٹ پیش کر کے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے اخراجات کے باوجود ضلع کونسل کے پاس 22 کروڑ 65 لاکھ روپے کی بچت موجود ہے۔
اجلاس میں پہلی بار ٹیکس گزٹ بھی منظور کیا گیا، جس کے تحت فارم ہاؤسز، صنعتی اداروں، واٹر پارکس، فش فارمز، مال پڑھین اور پیٹرول پمپس پر سالانہ ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین عبدالحمید پنہور کے مطابق یہ اقدامات ضلع کی آمدنی بڑھانے اور ترقیاتی کاموں کو مزید وسعت دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
نئے بجٹ میں 55 فیصد رقم ترقیاتی منصوبوں، فلاحی سرگرمیوں، مستحق افراد کی مالی معاونت اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے فروغ پر مختص کی گئی ہے، جبکہ 40 فیصد رقم تنخواہوں اور پنشنز کے لیے اور بقیہ 5 فیصد رقم دیگر سرکاری و غیر سرکاری اخراجات کے لیے رکھی گئی ہے۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوامی سہولیات کو بہتر بنانے، انفراسٹرکچر کی بہتری، اور ضلع کونسل کی مجموعی کارکردگی کو مضبوط کرنے کے لیے مقامی سطح پر ریونیو کا اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لگائے گئے تمام ٹیکسز عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر لگائے گئے ہیں، جن کے ثمرات جلد ہی ضلع کے عوام کو نظر آئیں گے۔
اجلاس میں کونسل کے ممبران، افسران، اور مقامی نمائندوں نے بجٹ کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا اور اسے ضلع کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔