پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ترکیہ کے وزیر دفاع یشار گُلر نے اہم ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور باہمی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور جدید تربیت و ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا،فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں پیشرفت کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ترک وزیر دفاع نے پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا، ترک وزیر دفاع نے پاک-بھارت کشیدگی کے دوران ایئر چیف کی قیادت میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، بھرپور تیاری اور قومی خودمختاری کے مؤثر دفاع کو سراہا،ترک وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی برادرانہ تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان اور وزیر دفاع یشار گُلر بدھ کی صبح سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔








