اسلام آباد: نالہ کورنگ میں بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان پانی کے شدید ریلے میں بہہ گیا۔ واقعے کی تشویشناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں نالے پر بنائے گئے پُل سے لوگ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں احتیاط سے گزار رہے ہیں، لیکن نوجوان اچانک پانی کے زور دار بہاؤ میں آ کر غائب ہو گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ نوجوان کی تلاش کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ حکام نے نالہ کورنگ کے کنارے موجود کچے مکانوں کو بھی نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے، اور علاقے میں ممکنہ مزید سیلابی صورتحال سے خبردار کیا ہے۔ریسکیو ٹیموں نے نالہ کورنگ کے قریب رہائش پذیر افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہوئے نالے سے دور رہیں تاکہ کوئی مزید حادثہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران نالوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق رواں ہفتے بھی اسلام آباد میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے نالہ کورنگ اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ مقامی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر رکھا ہے اور ریسکیو ٹیمیں 24 گھنٹے چوکس ہیں۔

Shares: