سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں مقامی مارکی میں ایک اہم اور جدید تجارتی ویبینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیالکوٹ کے 70 سے زائد سپورٹس گڈز اور ویئر ایکسپورٹرز نے شرکت کی، جبکہ دنیا کے 13 مختلف ممالک میں موجود امپورٹرز نے آن لائن شرکت کے ذریعے ویبینار میں حصہ لیا۔
یہ ویبینار البرکتہ بینک کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جس میں بینک کے صدر محمد عاطف حنیف، چیئرمین سپورٹس ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر عہدیداران ناصر بٹ و دیگر کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر صدر البرکتہ بینک محمد عاطف حنیف نے بتایا کہ اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز اور جنوبی افریقہ، مصر، ترکیہ سمیت دیگر ممالک کے امپورٹرز کے ساتھ کامیاب ویبینارز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع ٹریڈ فنانس پورٹل تشکیل دیا گیا ہے، جس میں تمام ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کی مکمل تفصیلات شامل کی گئی ہیں تاکہ تجارتی روابط شفاف اور مؤثر انداز میں استوار کیے جا سکیں۔
چیئرمین سپورٹس ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر نے ویبینار کو سیالکوٹ کی صنعت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مقامی ایکسپورٹرز کے لیے بین الاقوامی تجارت کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی امریکہ، یورپ اور دیگر عالمی مارکیٹس میں سیالکوٹ کی مصنوعات کی بڑی مانگ ہے، اور اس قسم کے اقدامات مقامی صنعت کو عالمی تجارتی نظام سے جوڑنے میں مددگار ہوں گے۔
کاروباری حلقوں نے البرکتہ بینک کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرز کے ویبینارز کے تسلسل سے سیالکوٹ کی برآمدات کو فروغ ملے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص مزید مضبوط ہوگا۔








