لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث محکمہ پی ڈی ایم اے ے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ یہ بارشیں 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122، واسا، اور دیگر محکمے اپنی مشینری اور عملے کو الرٹ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ نشیبی علاقوں میں پانی کے جمع ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے پانی کی نکاسی کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنا ضروری ہے۔ شہریوں کو کچے مکانات اور پرانی و بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی بھی سخت ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔

لاہور میں آج صبح سے جاری مسلسل بارش نے شہر کا معمول درہم برہم کر دیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی کی شدید گرفت نے کئی سڑکیں تالاب بنا دی ہیں، کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں پھنس گئی ہیں۔ اب تک لاہور میں 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جیل روڈ پر 119 ملی میٹر، ایئرپورٹ 60 ملی میٹر ہیڈ آفس گلبرگ 141,لکشمی چوک 133,اپر مال 121,مغلپورہ 127, تاجپورہ 117,نشتر ٹاون 178,چوک نا خدا 131, ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔جس کے باعث شہر میں مختلف جگہوں پر چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔سیشن کورٹ لاہور نزد سول سیکرٹریٹ اسلام پورہ روڈ بارش کی وجہ سے شگاف پڑ گیا۔

واسا کے ایم ڈی غفران احمد نے بارش کے دوران نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور واسا کے عملے کو تمام مرکزی شاہراہوں کو جلد از جلد پانی سے کلیئر کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔

بارش کی وجہ سے لاہور اور قریبی اضلاع میں لیسکو کے 142 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ لیسکو کے سی ای او کا کہنا ہے کہ جیسے ہی بارش رکے گی، بجلی کی بحالی کے کام فوری شروع کر دیے جائیں گے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور دیگر تنصیبات سے دور رہیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ لاہور میں 6 گھنٹے سے مسلسل بارش جاری ہے۔ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انڈر پاسز کو کلیئر رکھا گیا ہے اور چند نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے کام جاری ہیں تاکہ شہریوں کو آسانی ہو۔

Shares: