ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں خستہ اور بوسیدہ عمارتوں کے خلاف اہم اقدام اٹھا لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز نے میونسپل کارپوریشن اور تمام میونسپل کمیٹیوں کے سربراہان کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں ان سے اپنی متعلقہ حدود میں موجود خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کا فوری سروے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس سروے کا مقصد انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ممکنہ حادثات سے قبل حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ سروے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر ادارہ اپنی حدود میں واقع عوامی، رہائشی اور تجارتی عمارتوں کا مکمل اور جامع جائزہ لے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کا کہنا تھا کہ جن عمارتوں کو خطرناک قرار دیا جائے گا، انہیں گرانے کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو شہری حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ بروقت سروے اور عملی اقدامات سے ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے گا۔

Shares: