گوالمنڈی کے علاقے لاہور ہوٹل کے قریب ایک مکان کی بالائی منزل کی خستہ حال لکڑی کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں 6 خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی مہارت سے ملبے کے نیچے دب گئیں تمام خواتین کو بچا کر انہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق ملبے تلے دبنے والی خواتین کی شناخت ماریہ، نبیہ، مینال، جوریہ، بابرا اور فوزیہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ مکان کی چھت لکڑی کی تھی جو کافی پرانی اور کمزور ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے اچانک گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ خواتین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور انہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں واقعے کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہیں اور مکان کے مالک کے خلاف کارروائی کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔ علاقہ مکینوں نے خستہ حال عمارتوں کی بروقت مرمت اور حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔








