(باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے چنی گوٹھ میں ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک 15 سالہ لڑکا زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ متوفی لڑکے کی شناخت پرویز ولد عبدالغفار کے نام سے ہوئی ہے، جو تھانہ احمد پور ایسٹ کے قریب واقع علاقے میں رہائش پذیر تھا۔
تفصیلات کے مطابق، پرویز کے گھر کے باہر ایک پرائیویٹ گٹر کا ڈھکن غائب تھا، جس میں ایک بکری جاگری۔ پرویز نے انسانی ہمدردی اور جانور سے محبت کے تحت بکری کو بچانے کی کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے وہ خود بھی گٹر میں جاگرا۔ گٹر میں موجود زہریلی گیسوں کے باعث وہ فوری طور پر بے ہوش ہوگیا اور پانی میں ڈوب گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری موقع پر پہنچی اور آپریشن کے بعد پرویز کو گٹر سے نکالا۔ ریسکیو اہلکاروں نے مصنوعی تنفس اور دل کی دھڑکن کی بحالی کے اقدامات کیے، تاہم اس وقت تک اس کی سانسیں بند ہو چکی تھیں۔ بعد ازاں پرویز کو فوری طور پر آر ایچ سی (RHC) چنی گوٹھ منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پرویز کی اچانک موت پر اہل علاقہ شدید صدمے سے دوچار ہیں اور علاقے میں کہرام برپا ہے۔ مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گٹرز کے کھلے ڈھکنوں کو فوری طور پر بند کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا واقعات رونما نہ ہوں۔
یہ واقعہ نہ صرف مقامی انتظامیہ کی غفلت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ شہری تحفظ کے ناقص انتظامات پر ایک سوالیہ نشان بھی چھوڑ گیا ہے۔







