کینیڈا میں بھارتی کامیڈین اور اداکار کپل شرما کے کیفے ‘کیپس کیفے’ پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ حال ہی میں کھولے گئے کیفے کی عمارت پر پیش آیا جہاں حملہ آور ایک گاڑی میں آئے اور متعدد گولیاں چلانے کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کیفے کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا سکے،

اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کا مقصد کپل شرما یا ان کے کیفے کو نشانہ بنانا تھا یا یہ کسی قسم کی دھمکی یا انتباہ کے طور پر کی گئی۔ تاہم، بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ہرجیت سنگھ لادی نامی شخص نے مبینہ طور پر کپل شرما کے ماضی کے ایک تبصرے پر غصے میں آ کر یہ فائرنگ کروائی،ذرائع کے مطابق، کپل شرما کے ایک شو کے دوران کیے گئے تبصرے نے ہرجیت سنگھ لادی کو ناگوار گزرا جس کے بعد اس نے ایسا قدم اٹھانے کا ارادہ کیا۔ پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

کیپس کیفے نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ واقعہ ان کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے کیونکہ کیفے کو انہوں نے محبت اور خلوص کے ساتھ کھولا تھا۔ انتظامیہ نے کہا کہ وہ اس طرح کے تشدد کے سامنے نہیں ہاریں گے اور مداحوں کی فکر مندی اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔”ہم سب مل کر تشدد کے خلاف آواز بلند کریں اور محبت کو فروغ دیں۔ آپ سب کی دعاؤں اور سپورٹ سے ہمیں بہت حوصلہ مل رہا ہے۔”

پولیس نے کیفے کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی ہے اور حملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے تاکہ واقعے کے پس پردہ حقائق سامنے آ سکیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

کپل شرما، جو بھارت کے معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان ہیں، نے حال ہی میں کینیڈا میں اپنا نیا کیفے ‘کیپس کیفے’ کھولا ہے جو کافی مقبول ہو رہا ہے۔ یہ واقعہ کیفے کی شہرت کے ساتھ ساتھ کپل شرما کی ذاتی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

Shares: