تحریک انصاف اراکین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 26 ارکان کی نااہلی کے ریفرنس کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے،معطل اپوزیشن اراکین نے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر کی قیادت میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ملاقات کی جو گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں مختلف امور زیر غور آئے،دونوں جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے جب کہ اسپیکر اور معطل ارکان میں آج ہی مذاکرات کا دوسرا سیشن ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ 27 جون کو اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کے بعد اسپیکر نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنےکا اعلان کیا تھا۔

Shares: