تنگوانی (باغی ٹی وی نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی کے نواحی علاقے نیو روڈ اسٹاپ پر بھلکانی اور قمبرانی قبائل کے درمیان خطرناک تصادم ہوا، جس کے دوران دونوں اطراف سے جدید ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ پولیس مکمل طور پر غائب رہی۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں قمبرانی قبیلے کا نوجوان نور محمد قمبرانی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

تصادم کی وجہ ایک پرانی دشمنی بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق شفیع محمد بھلکانی کے بیٹوں اور اربیلو قمبرانی کے درمیان پہلے ایک خاتون کے زخمی ہونے کے واقعے پر کشیدگی چل رہی تھی، جو آج فائرنگ میں بدل گئی۔

قبائلی ذرائع کے مطابق قمبرانی قبیلے کے معزز شخص نے الزام لگایا ہے کہ ان کے گاؤں پر بھلکانی قبیلے کے منو گینگ سے وابستہ امتیاز بھلکانی نے بھتہ نہ دینے پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کا نوجوان بری طرح زخمی ہوا۔

دو گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے باوجود پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی، جس پر علاقہ مکینوں نے انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت پولیس پہنچتی تو نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔

علاقے میں تاحال کشیدگی برقرار ہے اور مزید تصادم کا خدشہ ہے۔ عوامی حلقے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر علاقے میں رینجرز یا پلیس کی بھاری نفری تعینات کر کے حالات کو قابو میں لایا جائے اور واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Shares: