یو اے ای کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان سے ابو ظہبی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ،دوران ملاقات پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کے ویزوں کے حوالے سے درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی، دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی شہریوں، خصوصاً ورک ویزا کے اجرا میں سہولت کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا یو اے ای کے وزیر داخلہ نے اس حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہر پاکستانی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان تمام شعبوں میں، خاص طور پر سیکیورٹی کے میدان میں، تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے بڑی تعداد میں پاکستانی شہری یو اے ای کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پا کستانی شہری آسانی سے یو اے ای آ سکیں اور ویزہ پالیسیوں میں نرمی سے انہیں بہت فائدہ ہوگا۔
محسن نقوی کی یو اے ای کے وزیر داخلہ سے ملاقات
دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی، انسداد منشیات، انسداد اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
علاقائی امور اور خطے میں پائیدار امن کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا محسن نقوی نے ابوظہبی میں جدید پولیسنگ اور آپریشن روم کا بھی دورہ کیا، جو جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے لیے قائم کیا گیا ہے، یو اے ای کے حکام نے انہیں مانیٹرنگ آپریشن روم کے بارے میں بریفنگ دی، محسن نقوی نے جدید پولیسنگ نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور یو اے ای کے پولیسنگ ماڈل کی تعریف کی۔
بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ ، مسلم ممالک کے خلاف جارحیت کی منصوبہ بندی جاری