ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں)ضلع ٹھٹھہ میں پولیس کے نئے سربراہ فاروق احمد بجارانی نے باقاعدہ طور پر ایس ایس پی کا چارج سنبھال لیا۔ ایس ایس پی آفس پہنچنے پر پولیس افسران اور عملے نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ چاق و چوبند پولیس دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

چارج سنبھالنے کے فوری بعد ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ اُن کے ہمراہ دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔


بعد ازاں ایس ایس پی ٹھٹھہ نے ایس ایس پی آفس کے تمام ہیڈ آف برانچز سے تعارفی ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس یونٹس کی مجموعی کارکردگی کو مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

اپنے ابتدائی پیغام میں ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے کہا کہ ٹھٹھہ پولیس کو قانون کی حکمرانی اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دینی ہوگی۔ اگر کسی اہلکار یا شہری کو کسی بھی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک اُن سے براہِ راست رابطہ کرے، وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نئے ایس ایس پی کی قیادت میں ٹھٹھہ میں امن و امان اور قانون نافذ کرنے کے عمل میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

Shares: