تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)سندھ پولیس کی بھرتیوں میں مسلسل ناانصافی، ویٹنگ امیدواروں کا احتجاج جاری،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ ضیاء لنجار سے نوٹس لینے کی اپیل
سندھ پولیس میں 2019 کی بھرتیوں کے دوران پی ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرنے والے ویٹنگ امیدوار نوجوانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی جاری ہے، جس پر امیدواروں کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ تمام مطلوبہ مراحل مکمل کرنے کے باوجود انہیں آج تک پولیس میں بھرتی نہیں کیا گیا۔
احتجاجی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کانسٹیبل کی آسامیوں کے لیے نہ صرف تحریری بلکہ جسمانی ٹیسٹ بھی کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں اور انہیں "ویٹنگ لسٹ” میں شامل کر لیا گیا تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے باوجود نہ تو انہیں بھرتی کا کوئی باقاعدہ آرڈر جاری کیا گیا اور نہ ہی اس بارے میں کوئی پیش رفت دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کابینہ اس بھرتی کی منظوری دے چکی ہے، اس کے باوجود انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے کئی مہینوں سے احتجاج کر رہے ہیں مگر ان کی آواز سننے والا کوئی نہیں۔ نوجوانوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے انہیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
احتجاجی نوجوانوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ ضیاء لنجار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی بھرتی نہ کی گئی تو وہ اپنا احتجاج صوبائی سطح تک پھیلائیں گے۔










