اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں انسدادِ تجاوزات مہم میں شدت آگئی۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے فیصل آباد روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کی پختہ تجاوزات مسمار کر دیں اور گول چوک و صدر بازار میں دکانداروں کو وارننگ جاری کی۔
فیصل آباد روڈ پر کارروائی کے دوران سرکاری جگہ پر بنائی گئی مستقل تعمیرات کو گرا دیا گیا۔ وسیم جاوید نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق مہم جاری ہے، جس کا مقصد شہریوں کو صاف، کشادہ، اور رکاوٹوں سے پاک راستے فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے گول چوک اور صدر بازار میں موقع پر موجود دکانداروں کو خبردار کیا کہ آئندہ تجاوزات کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دکانداروں کو تاکید کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کو مقررہ حدود میں رکھیں اور عوامی آمدورفت میں رکاوٹ بننے سے گریز کریں۔
وسیم جاوید نے کہا کہ عوامی مفاد کے پیش نظر انسدادِ تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اور تجاوزات کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔