اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)لیاقت پور میں تھانہ شیدانی کی حدود میں واقع بستی پیارا شیخ پراسرار بیماری کی لپیٹ میں آ گئی ہے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 3 سے 4 کمسن بچے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 10 سے زائد بچے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں زیر علاج ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری اچانک پھیلی ہے۔ پہلے بچوں کے جسم پر دانے نکلتے ہیں، گلے میں شدید سوزش ہوتی ہے، کھانے پینے سے انکار ہو جاتا ہے اور چند ہی دنوں میں حالت بگڑ کر موت واقع ہو جاتی ہے۔ بیماری کی نوعیت اور اسباب ابھی تک معلوم نہیں ہو سکے ہیں، جبکہ تاحال کوئی بھی حکومتی ادارہ متاثرہ علاقے میں نہ پہنچ سکا ہے۔
عوامی حلقوں اور والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے مطابق بچے ایک کے بعد ایک اس بیماری کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ حکام کی خاموشی ناقابلِ فہم ہے۔ مقامی افراد نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میڈیکل ٹیم روانہ کی جائے، فری میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے، بیماری کی تشخیص کے لیے ماہرین کو تعینات کیا جائے تاکہ بروقت علاج سے بچوں کی قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔
اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو خدشہ ہے کہ بیماری مزید پھیل سکتی ہے، اور اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکریٹری صحت، اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔