اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے شہر بھر میں بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے 1/4 ایل اور 2/4 میں قائم ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا اور ان کی ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر آپریشنل رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی تکنیکی یا بجلی کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔

رب نواز نے اس موقع پر واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے عمل میں رکاوٹ نہ آئے، اس کے لیے ڈسپوزل اسٹیشنز کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔ انہوں نے جنریٹرز کے بیک اپ سسٹم کو بھی ہر وقت تیار رکھنے کی تاکید کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کا انخلا ان کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے مسلسل نگرانی اور علاقوں کی چیکنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام موٹریں مکمل طور پر فعال ہونی چاہئیں تاکہ نکاسی کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔

مزید براں رب نواز نے 53/2 ایل کے علاقے میں سیوریج لائن کی مرمت کے کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ اس کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

عوامی سہولت اور شہر کو صاف و شفاف رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے مؤثر اقدامات جاری ہیں، اور اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Shares: