صوبائی دارالحکومت میں راوی روڈ پولیس نے جعلی نوٹوں کی آن لائن فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرنے کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے ایک لاکھ روپے مالیت کے جعلی پاکستانی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان طلحہ اور فرحان کم قیمت پر جعلی نوٹوں کی بڑی مقدار فروخت کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نہ صرف آن لائن جعلی کرنسی بیچتے تھے بلکہ مارکیٹ کے سادہ لوح دکانداروں کو دھوکہ دے کر جعلی نوٹ استعمال کرتے تھے۔ ملزمان مختلف مقامات پر جا کر اور بار بار اپنی جگہ تبدیل کر کے کرنسی کا فراڈ کرتے تھے تاکہ پکڑے نہ جائیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 5000 روپے کے 12 جعلی نوٹ اور 1000 روپے کے 40 جعلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے اس موقع پر بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس جعلی کرنسی کے نیٹ ورک کا مکمل سراغ لگایا جا سکے۔بلال احمد نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جعلی کرنسی کے استعمال سے گریز کریں اور اگر کسی کے پاس جعلی نوٹ ہونے کا شک ہو تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔