گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، ڈویژنل بیوروچیف شاہد ریاض سے)تحصیلدار پسرور شوکت چوہان کو اینٹی کرپشن پولیس سیالکوٹ نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت منسوخ کیے جانے کے بعد گرفتار کر لیا۔ محترمہ جسٹس ابر گل خان نے ضمانت منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحصیلدار کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق شوکت چوہان پر الزام ہے کہ انہوں نے پسرور شہر میں واقع ایک پلاٹ کی رجسٹری محمد اسلم ساکن چھچریالی کے نام منتقل کی، حالانکہ پلاٹ کے فروخت کنندگان احسان اور عرفان کے پاس ملکیت کا کوئی قانونی ثبوت موجود نہیں تھا۔ پلاٹ کے اصل مالکان رفاقت شاہ اور وحید شاہ نے اینٹی کرپشن پولیس کو تحریری درخواست دی، جس پر مقدمہ نمبر 07/2024 درج کیا گیا۔

متاثرہ فریق نے عدالت میں رجسٹری منسوخی کی درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔ مقدمے میں تحصیلدار شوکت چوہان کے علاوہ رجسٹری محرر اور گرداور کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ رجسٹری محرر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ گرداور غلام باری کچھ عرصہ قبل انتقال کر چکے ہیں۔

اینٹی کرپشن پولیس نے تمام شواہد کی روشنی میں تحصیلدار کی گرفتاری عمل میں لائی اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Shares: