اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر نے بدعنوانی کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے ریکوری میں ناکامی پر چار پٹواریوں کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ اس اقدام کو تحصیل میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اے سی نوید حیدر کی نگرانی میں جاری اصلاحاتی مہم کے دوران ان پٹواریوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی جو اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں مسلسل ناکام رہے تھے۔ برطرفی کے بعد چند پٹواریوں اور گرداوروں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس کے باہر دھرنا دیا اور برطرف ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
تاہم اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ:
"قانون کی حکمرانی اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بلیک میلنگ یا غیر قانونی احتجاج سے دباؤ نہیں لیا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ برطرف ملازمین کو اپیل کا حق حاصل ہے اور وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا موقف پیش کر سکتے ہیں۔
ادھر علاقہ مکینوں نے اے سی نوید حیدر کی کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی دیانتداری اور فرض شناسی کی تعریف کی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایسے افسران ہی عوامی خدمت اور انصاف کی علامت ہوتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بے لاگ اقدامات سے نہ صرف انتظامی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
یہ کارروائی احمد پور شرقیہ میں کرپشن کے خاتمے اور بہتر گورننس کی جانب ایک نمایاں قدم قرار دی جا رہی ہے، جس کے دور رس اثرات متوقع ہیں۔