سکردو: سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشق (FSAEE) 2025 کامیابی سے منعقد ہوئی، جس کی نگرانی ایئرپورٹ منیجر نے کی۔ یہ مشق ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کی استعداد کار اور باہمی رابطے کو بہتر بنانے کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی۔

مشق کے آغاز سے قبل چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر نے تمام شرکاء کو بریفنگ دی جس میں ہنگامی حالات میں بر وقت اور مؤثر ردعمل کی حکمت عملی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح فوری کارروائی اور مربوط تعاون انسانی جانوں کے تحفظ اور نقصان کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اس مشق کا معائنہ ایڈیشنل ڈائریکٹر فائر اینڈ ریسکیو نے سرکاری مبصر کے طور پر کیا، جنہوں نے شرکاء کی کارکردگی کو انتہائی مثبت قرار دیا اور اس موقع پر کہا کہ ایسے مشقیں نہ صرف ایمرجنسی سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھاتی ہیں بلکہ مختلف اداروں کے درمیان رابطے کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔

مشق میں ایئرپورٹ اسٹاف کے علاوہ مسلح افواج، سول ادارے، اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے فرضی ایمرجنسی کے تحت تیز رفتاری اور مکمل تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں، جس سے یہ واضح ہوا کہ اگر حقیقی ایمرجنسی پیش آئے تو ادارے مؤثر انداز میں حالات پر قابو پاسکیں گے۔مسلح افواج، مقامی انتظامیہ اور دیگر اعلیٰ اداروں کے معزز افسران نے مشق کو بطور مبصر بڑی دلچسپی اور سنجیدگی سے دیکھا اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقیں ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

یہ مشق علاقے میں ہوائی سفر کے دوران مسافروں کی حفاظت اور ایئرپورٹ کی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو کہ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک محفوظ اور قابل اعتماد ہوائی سفر کا مرکز بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

Shares: