راولپنڈی: موسلا دھار بارشوں اور بڑھتے ہوئے سیلابی حالات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں ایک روزہ چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے جڑواں شہروں کو تقریباً جل تھل کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دونوں شہروں میں 129 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو معمول سے کہیں زیادہ ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارشوں کی شدت کے باعث راولپنڈی کے معروف نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ چکی ہے جو کہ سیلاب کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے۔ خاص طور پر کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 14 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو 1122، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ واسا کے ایم ڈی نے بھی فوری طور پر 911 بریگیڈ سے رابطہ قائم کیا ہے تاکہ صورتحال پر مکمل قابو پایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، اگر حالات قابو سے باہر ہوئے تو ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کی مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ریسکیو آپریشنز کو مزید موثر بنایا جا سکے۔محکمہ موسمیات نے بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے محفوظ مقامات پر رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔