راولپنڈی کے قریب چکری موٹروے انٹرچینج کے مقام پر شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں افواج پاکستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خاندان کو جان بچانے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ملک بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے غیر معمولی بارشوں نے راولپنڈی اور گردونواح میں تباہی مچائی ہوئی ہے، جہاں ندی نالے اوور فلو ہو چکے ہیں چکری موٹروے انٹرچینج کے قریب واقع ایک آبادی سیلابی ریلے کے باعث خطرے میں تھی، جس پر فورسز نے فوری طور پر آپریشن کا آغاز کیا۔آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے اس خاندان کو جو سیلابی پانیوں میں پھنس گیا تھا، اپنے ونگز میں اٹھایا اور محفوظ علاقے تک منتقل کیا۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کے اس مناظر کو مقامی افراد نے بڑے جوش و خروش اور خوشی سے دیکھا اور سیلابی ریلے کے کنارے کھڑے عوام نے اس کامیاب ریسکیو آپریشن پر تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے افواج پاکستان کو سراہا۔
موسم کی خرابی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، اور افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ سول انتظامیہ بھی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کاموں میں مصروف ہے۔سیلاب کے ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خطرناک مقامات سے دور رہیں اور ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں۔