ملک بھر میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 227 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ معلومات نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جاری کی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے اب تک جاری مون سون بارشوں کی وجہ سے مجموعی طور پر ملک بھر میں 178 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔ اس دوران 491 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں مکانات کے گرنے، سیلاب اور بجلی کی کرنٹ لگنے سے ہوئیں، جس نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے صورتحال کو انتہائی خراب کر دیا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے اور قریبی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ خاص طور پر راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور حکام کی جانب سے عوام کو حفاظتی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔

Shares: