ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لیے نئے مالی سال 2025-26 کے تحت 15 نئی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے کی، جبکہ مختلف محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم خان جتوئی نے اجلاس کو نئی سکیموں سے متعلق بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ان منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو منڈیوں اور شہری مراکز تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز راجن پور، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کے تحت ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی فنڈز کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 میں ڈویژن بھر سے تعلیم، صحت، میونسپل سروسز، اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مجموعی طور پر 126 ترقیاتی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سکیموں کی بروقت منظوری، فنڈز کی فراہمی اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے۔