لاہور: ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب، عرفان علی نے بتایا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران پوٹھوہار ریجن میں تقریباً 1000 سے زائد شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ان بارشوں کے باعث چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں حالات کشیدہ ہوگئے جس کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

عرفان علی نے بتایا کہ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں ریسکیو آپریشنز میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوجی جوانوں نے بھی بھرپور حصہ لیا تاکہ بارش کے باعث سیلابی پانی میں پھنسے متاثرین کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ جہلم میں 398 شہری ریسکیو کیے گئے جن میں 174 افراد کو ضلعی انتظامیہ نے اور 64 شہریوں کو فوجی جوانوں نے نکالا جبکہ 160 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا۔ چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کی شدید بارش کے باعث سیلابی پانی میں پھنسے 209 افراد کو بچایا گیا، جن میں سے 27 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ راولپنڈی میں بھی ضلعی انتظامیہ نے 450 شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات پر پہنچایا۔

عرفان علی نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ موسم برسات میں زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے مسلسل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے اور فورسز بارشوں کے دوران عوام کی مدد کے لیے چوکس ہیں۔

Shares: