جہلم: بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے شدید سیلاب میں ریسکیو آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق کانسٹیبل حیدر علی ریسکیو کے دوران سیلابی پانی میں بہہ گئے تھے اور ان کی لاش رسول نگر کے مقام سے برآمد ہو گئی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حیدر علی شہریوں کی مدد اور ریسکیو کے لیے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کام کر رہے تھے۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے اہلکار کی قربانی کو انتہائی افسوس اور دکھ کے ساتھ یاد کیا جا رہا ہے۔انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل حیدر علی کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور یقین دلایا کہ پنجاب پولیس ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس کے جوان اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور متاثرین کو عارضی رہائش، کھانا اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد اور بحالی کے کاموں کو تیز کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو جلد از جلد سہولیات مہیا کی جا سکیں۔