ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈیوو پاک موٹرز کراچی کی جانب سے بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کو 24 لاکھ روپے مالیت کے پانچ جدید ڈیجیٹل فوٹو کاپیئرز عطیہ کیے گئے۔ اس موقع پر ڈیوو پاک موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد ایوب خان اور ڈائریکٹر سیلز طاہر جاوید نے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور باضابطہ طور پر یہ مشینیں یونیورسٹی انتظامیہ کے سپرد کیں۔
دورے کے دوران ڈیوو انتظامیہ نے طلباء کے لیے انٹرن شپ پروگرام، تکنیکی تربیت اور دیگر تعلیمی و صنعتی شعبوں میں اشتراک کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ یہ عطیہ یونیورسٹی کی انتظامی و تدریسی کارکردگی میں بہتری لانے اور طلباء و اساتذہ کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی کے مشن کو تقویت دے گا۔

بابا گورو نانک یونیورسٹی کے رجسٹرار جناب مبشر طارق نے اس قیمتی عطیہ پر ڈیوو پاک موٹرز کا دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تعاون تعلیم و ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے مستقبل میں دونوں اداروں کے درمیان مزید اشتراک کے امکانات کا بھی خیرمقدم کیا۔








