ترجمان دفتر خارجہ نےکہا ہے کہ پاکستان ہر قسم اور ہر شکل میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری اور بین الاقوامی تعاون ہماری پالیسی کی بنیاد ہیں۔ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف محاذِ اول پر رہا ہے اور اپنی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے ذریعے عالمی امن کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس میں ماسٹر مائنڈ دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتار بھی شامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کی تحقیقات، جو کہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ جموں کشمیر میں پیش آیا، ابھی تک غیر حتمی ہیں۔القاعدہ یا لشکر طیبہ سے کسی قسم کا کوئی تعلق، جو کہ پاکستان میں ممنوعہ اور ختم شدہ تنظیم ہے، پاکستان نے متعلقہ تنظیموں کو مؤثر اور مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، ان کے قائدین کو گرفتار اور مقدمات چلائے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی بے مثال قربانیوں اور مؤثر اقدامات کے ساتھ میدان میں کھڑا ہے۔ ہم بین الاقوامی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے غیر جانبدار اور موثر پالیسیاں اپنائیں اور دہشت گرد تنظیموں جیسے بی ایل اے کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے.