ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی اور غیر محفوظ آئل یونٹس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر غلام یٰسین ملک کی سربراہی میں ٹیم نے شاہ صدر دین میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو غیر قانونی آئل ایجنسیاں سیل کر دیں۔

کارروائی کے دوران متعلقہ یونٹس کی مشینری اور دیگر آلات تحویل میں لے لیے گئے اور قانونی کارروائی کے لیے استغاثے تھانہ شاہ صدر دین میں جمع کرا دیے گئے۔
سول ڈیفنس آفیسر غلام یٰسین ملک کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، آتشزدگی اور دھماکوں جیسے ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے ایسے غیر قانونی اور غیر محفوظ کاروباروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود کسی بھی غیر قانونی آئل ایجنسی کی نشاندہی کریں تاکہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

Shares: