ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)میرپور ساکرو میں بااثر افراد کی زمین پر قبضے کی کوشش، بیوہ خاتون انصاف کے لیے عوامی پریس کلب پہنچ گئی
تفصیلات کے مطابق میرپورساکرو تعلقہ کے گاؤں حاجی بچل تنیو کی رہائشی بیوہ مسمات حاجیانی زوجہ سلیم تنیو نے عوامی پریس کلب مکلی ،ٹھٹھہ میں پہنچ کر فریاد کی ہے کہ ان کے مرحوم شوہر سلیم تنیو کی ملکیتی زمین، جو دیہہ ڈارکی تعلقہ میرپورساکرو میں واقع ہے اور جس کا رقبہ 17 .3 ایکڑ ہے، اس پر ان ہی کی برادری کے بااثر اور جرائم پیشہ افراد جن میں بدنام زمانہ علی تنیو، اس کے ساتھی مٹھو تنیو اور یوسف تنیو شامل ہیں جو زبردستی زمین پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
متاثرہ بیوہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں کہ زمین ان کے نام منتقل کر دی جائے، ورنہ وہ انہیں قتل کر دیں گے۔ بیوہ حاجیانی کے مطابق گزشتہ دنوں ان جرائم پیشہ عناصر نے طاقت کے زور پر ان کی زمین پر ٹریکٹر چلانے کی کوشش کی، جب انہوں نے منع کیا تو ان پر تشدد کیا گیا۔
بیوہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی اطلاع تھانہ ساکرو کے ایس ایچ او کو دی اور تحفظ کی درخواست کی، تاہم پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی اور ملزمان مسلسل سنگین دھمکیاں دے رہے ہیں۔
متاثرہ خاتون نے ڈی ایس پی ساکرو، ایس ایس پی ٹھٹھہ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں، بااثر غاصبوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں اور انہیں انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔