ہانگ کانگ: طوفان ویفا (Wipha) نے ہانگ کانگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،جبکہ جنوبی چینی سمندر سے ٹکرا کر شمالی ویتنام کی طرف بڑھ رہا ہے-
طوفان کے باعث شہر میں سب سے بلند درجہ کا طوفانی الرٹ (Signal No. 10) جاری کر دیا گیا ہے تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث اتوار کے روز 200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں،ہوا کی رفتار 167 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زائد ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ طوفان کا مرکز ہانگ کانگ کے جنوبی حصے سے صرف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفانی ہوائیں شہر کے جنوبی علاقوں میں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہیں۔
کیتھے پیسفک ایئرلائنز نے اپنی تمام پروازیں صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک منسوخ کر دی ہیں اور مسافروں کو ری بکنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے زیادہ تر پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے، بشمول فیریز، تاکہ سمندری لہروں کے باعث کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے شہر میں جگہ جگہ درختوں اور ملبے کے ڈھیر دیکھے گئے جبکہ لوگ تیز ہواؤں میں چھتریاں سنبھالتے ہوئے مشکلات کا شکار نظر آئے۔
طوفان ویفا، جو اس سال کا تیسرا ٹائیفون ہے، جنوبی چینی سمندر سے ٹکرا کر شمالی ویتنام کی طرف بڑھ رہا ہے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کے باعث شمالی ساحلی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے طوفان کی وجہ سے ویتنام کے نوئی بائی ایئرپورٹ پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں جہاں 9 پروازیں دیگر ایئرپورٹس کی طرف منتقل کی گئی ہیں اور 3 پروازیں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ویتنام کے سیاحتی علاقے ہالونگ بے میں خراب موسم کے دوران سمندری میں طوفان کے باعث سیاحوں کی کشتی ڈوب گئی اور 8 بچوں سمیت 34 افراد ہلاک ہوگئےکشتی میں سوار اکثر سیاح دارالحکومت ہنوئی سے تعلق رکھتے تھے، تاہم ابھی تک ہلاک شدگان کی شناخت سرکاری طور پر نہیں کی گئی۔ ایمرجنسی عملہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
ویتنام کی سرکاری خبر ایجنسی نے مقامی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ کشتی ”ونڈر سی“ پر 48 مسافر اور 5 عملے کے ارکان سوار تھے، جو ہا لانگ بے کی سیر پر نکلی تھی حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر 12 افراد کو زندہ بچایا اور 34 لاشیں برآمد کیں چند گھنٹے زیر آب رہنے کے بعد 14 سالہ ایک لڑکا بھی زندہ بچایا گیا، جو کشتی کے الٹے ہوئے حصہ میں پھنس گیا تھا۔ ریسکیو آپریشن میں کئی بچے بھی شامل تھے جن میں زیادہ تر ہنوئی سے تعلق رکھتے تھے۔
ہا لونگ بے، جو دارالحکومت ہنوئی سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، ویتنام کا ایک معروف سیاحتی مقام ہے جہاں سالانہ لاکھوں سیاح کشتیوں کے ذریعے سیاحت کرتے ہیں۔