بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کو ایک اور بڑا دھچکا اُس وقت لگا جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ تین فائنلز کی میزبانی بھارت کے بجائے ایک بار پھر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔
یہ فیصلہ سنگاپور میں منعقد ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں کیا گیا، جہاں آئی سی سی نے اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027، 2029 اور 2031 کے فائنلز بھی انگلینڈ میں ہی کھیلے جائیں گے۔فیصلے کے مطابق حالیہ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی کامیاب میزبانی کی بنیاد پر یہ اعزاز دوبارہ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان فائنلز کی میزبانی کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں، لیکن آئی سی سی نے انگلینڈ کے موزوں حالات، کراؤڈ رسپانس اور سہولیات کو ترجیح دیتے ہوئے بھارت کی خواہش کو مسترد کر دیا۔
اجلاس میں افغان نژاد بے گھر خواتین کرکٹرز کی معاونت سے متعلق پروگرام پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔آئی سی سی کا مقصد ان خواتین کو اعلیٰ کارکردگی پر مبنی تربیت، مقامی سطح پر کھیلنے کے مواقع اور عالمی سطح پر ایونٹس میں شرکت کے لیے سپورٹ فراہم کرنا ہے۔آئی سی سی نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا کہ کرکٹ یو ایس اے تاحال نوٹس پر ہے۔کونسل نے امریکہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ تین ماہ کے اندر شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کروائے اور جامع گورننس اصلاحات نافذ کرے۔یہ فیصلہ یو ایس اے کرکٹ میں جاری تنظیمی بحران کے باعث کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے اعلان کیا کہ مشرقی تیمور کرکٹ فیڈریشن اور زامبیا کرکٹ یونین کو ایسوسی ایٹ ممبران کی حیثیت سے شامل کر لیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد آئی سی سی کے رکن ممالک کی مجموعی تعداد 110 ہو گئی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق آئی سی سی کا یہ اجلاس کئی اہم فیصلوں کا حامل رہا، جہاں نہ صرف بھارت کی میزبانی کی خواہش رد کی گئی بلکہ افغان خواتین کرکٹرز کے لیے ایک امید کی کرن، اور امریکہ و نئے ممبران کے حوالے سے مستقبل کی راہ بھی واضح کی گئی۔
کراچی: شوہر کے ہاتھوں زندہ جلائی گئی رابعہ برنس وارڈ میں دم توڑ گئی
تبت میں چین کے میگا ڈیم کا سنگِ بنیاد، بھارت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی
کابل میں محسن نقوی اور سراج الدین حقانی کی اہم ملاقات
پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قتل ،سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا شدید ردعمل