نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 25 جولائی تک جاری مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالے اور بارہ نالے میں طغیانی کا خطرہ ہے۔اسی طرح نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور دیگر بالائی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے متعدد شہروں میں شدید بارشیں متوقع ہیں جن میں راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
ان بارشوں کے نتیجے میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے اور ٹریفک جام کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، جیکب آباد، جامشورو، نواب شاہ اور میرپورخاص میں بھی تیز بارشوں کا امکان ہے.ان علاقوں میں سڑکوں، گلیوں، انڈرپاسز اور دیگر مقامات پر پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں، پلوں یا زیر آب سڑکوں سے گزرنے سے سختی سے گریز کریں۔نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد قیمتی سامان اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کریں۔مقامی انتظامیہ نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور واٹر پمپس تیار رکھے۔سیلاب زدہ علاقوں کے مکین موسم سے متعلق اپڈیٹس کے لیے ٹی وی، موبائل الرٹس اور ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ ایپ سے مدد حاصل کریں۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی، ضلعی اور بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے یہ وارننگ مون سون کی شدت میں اضافے کے تناظر میں جاری کی گئی ہے، اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رابطہ کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
آئی سی سی میں بھارتی دباؤ مسترد، فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کو دے دی گئی
کویت میں تاریخ کا سب سے بڑا شہریت فراڈ بے نقاب،ہزاروں تارکین وطن ملک بدر
خیبر پختونخوا: مخصوص نشستوں پر حلف ، وزیرِ اعلیٰ کا عدالت جانے کا اعلان
غزہ کی جامعات سے کامسٹیک کا ورچوئل اجلاس، اسکالرشپس اور تعلیمی بحالی پر اتفاق