راولپنڈی کے علاقے جھنڈا چیچی کے عزیز آباد میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے دوران گھر کے 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ گیس لیکج کی وجہ سے دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گھر کی دیوار بھی گر گئی۔ دھماکے کے بعد بھڑکتی ہوئی آگ نے گھر کو شدید نقصان پہنچایا۔ ریسکیو ٹیموں اور سوئی گیس کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ حکام نے علاقے کو سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتا لگایا جا سکے۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھریلو گیس کے استعمال میں احتیاط کریں اور لیکج کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔