اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کے مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہباز سکھیرا، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید اور ایس این اے افضال حسین شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق گڈ گورننس کو یقینی بناتے ہوئے عوامی بہتری کے لیے میدان عمل میں متحرک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات کے ذریعے شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کیا جائے اور ہر ممکن سہولیات ان تک پہنچائی جائیں۔

احمد عثمان جاوید نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور خلوص نیت سے محنت کرتے ہوئے مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی میں فعال کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت عبادت ہے، اور اس مشن میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور افسران نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔

Shares: