اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال اوکاڑہ میں پارکنگ سٹینڈ کے ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے ہسپتال کے دورے کے دوران شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مریضوں کے لواحقین سے پارکنگ فیس کی مد میں زائد رقم وصول کرنے پر پارکنگ سٹینڈ کے ٹھیکیدار کو موقع پر گرفتار کروایا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں عوامی شکایات کے بروقت اندراج کے لیے کمپلینٹ نمبر نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ شہری کسی بھی زیادتی کی فوری اطلاع دے سکیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ صبح اور رات کے اوقات میں پارکنگ سٹینڈ کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین سے پارکنگ فیس لینا کسی صورت جائز نہیں، اور پارکنگ فیسوں میں اوورچارجنگ کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیداروں کے خلاف مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات میں رکاوٹ یا زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

Shares: