بلوچستان کے نواحی علاقے سنجدی ڈیگاری میں غیرت کے نام پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے مرد اور عورت کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس نے واقعے کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے مطابق، دونوں مقتولین کا پوسٹ مارٹم ڈیگاری کول مائن کے قبرستان میں کیا گیا۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق خاتون کو 7 گولیاں اور مرد کو 9 گولیاں ماری گئیں، جو ان کی موت کا سبب بنیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دونوں کو 4 جون 2025 کو قتل کیا گیا۔یہ اندوہناک واقعہ چند روز قبل سامنے آیا تھا جب غیرت کے نام پر قتل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں سنجدی ڈیگاری کے مقام پر ایک مرد اور عورت کو فائرنگ کر کے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صوبے بھر میں عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔

واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست مظلوم کے ساتھ ہے اور تمام ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اعلیٰ پولیس افسران کی نگرانی میں جاری اس کارروائی میں حساس ادارے بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی رہنماؤں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کے خلاف سخت قانون سازی کی جائے اور ایسے عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے۔

Shares: