نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ملاقات کی، جس میں انہوں نے بھارت کے خلاف بھرپور چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر دوٹوک موقف اختیار کیا۔

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔نائب وزیراعظم نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سفارتکاری اور کشیدگی میں کمی کے لیے کیے گئے اقدامات پر اظہار تشکر بھی کیا۔

اسحاق ڈار نے عالمی تنازعات کے حل، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے کلیدی کردار کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان کی ملٹی لیٹرل ازم پر مبنی پالیسی پر روشنی ڈالی۔نائب وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، اور مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دیا۔

اس ملاقات میں اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ساتھ پاکستان کے تعلقات، امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں اور سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو کی۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے پاکستان کے کردار، خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بطور رکن اور صدر پاکستان کی سرگرمیوں کی تعریف کی اور عالمی فورمز پر پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔

مائیک ہیسن کی شیر بنگلا پچ پر شدید تنقید، ناقابل قبول قرار دے دی

دنیا بھر میں موسمیاتی شدت: کہیں ہیٹ ویو تو کہیں سیلاب، نظامِ زندگی مفلوج

بابوسر میں سیلاب کی تباہی: 3 سیاح جاں بحق، 15 لاپتا، ریسکیو آپریشن جاری

Shares: