لاہور کے علاقے چوہنگ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزمان کی شناخت کاشف چوہان اور فرخ کے نام سے ہوئی ہے۔
چوہنگ پولیس کے ایک اعلیٰ حکام نے بتایا کہ رجب بٹ کے گھر فائرنگ کا واقعہ شانی ٹائیگر نامی شخص کی سازش کے تحت پیش آیا، جس نے اپنے اشارے پر دونوں ملزمان کو یہ کارروائی کروائی۔ پولیس کے مطابق رجب بٹ اور سوشل میڈیا پر شہزاد بھٹی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد شہزاد بھٹی نے شانی ٹائیگر کو فائرنگ کے لیے شوٹرز بھیجنے کی ہدایت دی۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا مزید تفتیشی عمل جاری ہے اور انہیں سی سی ڈی (سینٹرل ماڈل پولیس تھانے کے تحت قائم ایک خصوصی تفتیشی یونٹ) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ کے گھر پر پہلے بھی متعدد بار نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں،پولیس نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرے گی اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔