اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ سے آنے والا ایک تیز رفتار سی این جی رکشہ اُس وقت حادثے کا شکار ہو گیا جب رندھاوا پیٹرول پمپ کے قریب اچانک یو ٹرن لینے والی کار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثے میں رکشہ ڈرائیور حضور بخش معمولی زخمی ہوا، جب کہ اس کی دو بیٹیاں، 16 سالہ رفعت اور 14 سالہ نازیہ، شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ سڑک پر یو ٹرن کے ناقص انتظامات اور لاپروائی تھی، تاہم اصل خطرہ رکشے میں نصب سی این جی سلینڈر سے تھا، جو اگر پھٹ جاتا تو کئی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔ یہ واقعہ حالیہ دنوں میں پانچ طالبات کی جان لینے والے سلینڈر دھماکے کی ہولناک یاد دلاتا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس اور پولیس کی مسلسل خاموشی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری اور ناقص سی این جی سلینڈروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خاموش لاپرواہی آئندہ کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔