راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں باپ بیٹی سیلابی ریلے میں گاڑی سمیت بہہ گئے، جن کا کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

کرنل (ریٹائرڈ) قاضی اسحاق روزانہ کی طرح آج صبح اپنی 25 سالہ بیٹی کو سرمئی رنگ کی کار میں سوسائٹی کے گیٹ تک چھوڑنے کے لیے گھر سے روانہ ہوئے۔ تیز بارش کے باعث سڑک پر پانی جمع تھا، جس کی وجہ سے گاڑی ایک مقام پر بند ہو گئی اور دوبارہ اسٹارٹ نہ ہو سکی۔ کرنل اسحاق گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش میں مصروف تھے کہ اس دوران پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہو گیا اور گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے کر بہا لے گیا۔گاڑی کو ریلہ سوسائٹی کے فیز فائیو کے نالے کی طرف لے گیا، جہاں سے باپ بیٹی گاڑی سمیت دیکھتے ہی دیکھتے نظروں سے اوجھل ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کرنل اسحاق اور ان کی بیٹی مدد کے لیے پکار رہے تھے لیکن تیز بہاؤ کے باعث کوئی بھی ان تک نہ پہنچ سکا۔ریسکیو 1122، پولیس، ہاؤسنگ سوسائٹی کا عملہ اور غوطہ خور ٹیمیں مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق آپریشن کا دائرہ بڑھا کر دریائے سواں تک پھیلا دیا گیا ہے۔ نالے کے اس مقام پر کھدائی کی جا رہی ہے جہاں نالہ دریائے سواں میں جا گرتا ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو شبہ ہے کہ گاڑی پل کے نیچے پھنسی ہو سکتی ہے۔اب تک صرف گاڑی کا بمپر برآمد کیا جا سکا ہے، جبکہ کرنل اسحاق اور ان کی بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

ذرائع کے مطابق کرنل اسحاق کی گاڑی میں کوئی ٹریکر نصب نہیں تھا، جس سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے موبائل فون کی آخری لوکیشن گزشتہ رات 8 بج کر 15 منٹ پر گھر کی ملی تھی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔ راولپنڈی کی ایک اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی، فیز 8 میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے، جبکہ ملحقہ دیہات میں بھی سیلابی پانی نے تباہی مچا دی ہے۔ریسکیو حکام اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برساتی نالے یا پانی جمع ہونے کا خطرہ ہو۔

Shares: