اسلام آباد: ملک میں مذہبی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی بحالی اور مضبوطی کے لیے کوششیں زور و شور سے جاری ہیں۔ جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے غیر فعال ہو چکی متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں سے رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ ایک جامع اور مؤثر اتحاد تشکیل دیا جا سکے۔
اسلام آباد سے صحافی شیراز احمد شیرازی کےذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اتحاد کی بحالی کے سلسلے میں اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اس ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال اور مذہبی جماعتوں کی سیاسی یکجہتی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اسی طرح مولانا فضل الرحمان نے جمیعت اہلحدیث کے سربراہ حافظ عبد الکریم اور معروف مذہبی رہنما مولانا اویس نورانی سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ ان رابطوں کا مقصد مختلف مذہبی سیاسی جماعتوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے جلد ہی متحدہ مجلس عمل کے تمام اہم رہنماؤں کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ایک اہم اجلاس کے ذریعے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یہ اجلاس مذہبی سیاسی اتحاد کی بحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کے پیش نظر مذہبی جماعتوں کا ایک ساتھ آنا سیاسی منظر نامے میں ایک نمایاں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔ اتحاد کی بحالی سے مذہبی سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں مضبوط کر سکیں گی اور ملکی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گی۔