دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایئر انڈیا کی ہانگ کانگ سے دہلی آنے والی پرواز AI-315 کے لینڈنگ کے فوراً بعد طیارہ کے آکسیلری پاور یونٹ (APU) میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ پیر کی شام اُس وقت پیش آیا جب طیارہ گیٹ پر پارک ہو رہا تھا اور مسافر طیارہ سے اُتر رہے تھے۔
ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، واقعہ میں تمام 182 مسافر اور عملہ کے 10 اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے، اور فوری طور پر طیارہ سے نکال کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ کمپنی نے مزید بتایا کہ APU میں آگ لگنے کے فوراً بعد حفاظتی نظام کے تحت اسے خودکار طریقے سے بند کر دیا گیا تھا۔ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ جیسے ہی APU میں آگ کی اطلاع ملی، فوراً ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ اگرچہ اس واقعے نے کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ پر افراتفری کا ماحول پیدا کر دیا، لیکن کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ کو فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ تکنیکی ماہرین اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ APU میں آگ لگنے کی وجہ کیا تھی ، آیا یہ کوئی تکنیکی خرابی تھی یا کسی قسم کی لاپرواہی۔
حادثے کے وقت طیارہ میں سوار کئی مسافروں نے ایئر انڈیا کے عملہ کی مستعدی کی تعریف کی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ عملے نے فوری طور پر طیارہ خالی کروا لیا اور گھبراہٹ کے ماحول کو قابو میں رکھا۔ کئی افراد نے سوشل میڈیا پر اپنی خیریت کی اطلاع دی اور ایئر انڈیا کے اقدامات کی تعریف کی۔ایئر انڈیا کے مطابق، طیارے کو مکمل معائنے اور مرمت کے بعد ہی دوبارہ سروس میں لایا جائے گا۔ فی الحال AI-315 کی آئندہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور مسافروں کو متبادل پروازوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔