کوئٹہ کے علاقے سٹلائٹ ٹاؤن میں بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کار سوار شخص نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔
چاندنی چوک پر کیسکو کی مبینہ کارروائیوں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔احتجاج کے دوران ایک گاڑی سوار شخص نے زبردستی راستہ بنانے کی کوشش کی، جس پر مظاہرین نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔صورتحال کشیدہ ہونے پر کار سوار نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 مظاہرین زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ مشتعل مظاہرین نے اس کی گاڑی کو آگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور جلد اس سے متعلق مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
ٹرمپ کی فلپائنی ہم منصب سے ملاقات، تجارتی تعلقات پر گفتگو
بنگلا دیش: طیارہ اسکول پر گرنے سے 31 افراد جاں بحق، 165 زیر علاج
کراچی میں جوڑے کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش








