اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عیدگاہ روڈ، تحصیل روڈ اور جناح روڈ کا دورہ کرتے ہوئے نالیوں کی صفائی اور بارش کے پانی کے بروقت انخلاء کے لیے احکامات جاری کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے صدر بازار، گول چوک اور کچہری بازار میں صفائی کے انتظامات اور نکاسی کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت انہوں نے پوسٹ آفس سے ملحقہ سڑکوں کی صفائی کے لیے ٹیموں کو متحرک کرنے کا حکم دیا، جبکہ پوسٹ آفس انتظامیہ کو ویسٹ مینجمنٹ بہتر بنانے اور کچرا دان نصب کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
دیپالپور روڈ پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے، جی ٹی روڈ، پبلک پارکس اور روڈز پر واقع گرین بیلٹس کی باقاعدہ صفائی اور خوبصورتی یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی ٹیمیں عوامی خدمت کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔