اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)حلقہ این اے 136 کے عوام کی سہولت کے لیے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کی خصوصی ہدایت پر طبروق روڈ کی مرمت کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ حالیہ بارشوں کے باعث روڈ کے دونوں اطراف میں بننے والے گڑھوں اور خستہ حال راستوں کو مٹی ڈال کر عارضی طور پر قابلِ استعمال بنا دیا گیا، تاکہ عوام کو روزمرہ سفر میں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔
اس کام کی نگرانی معروف سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے خود موقع پر موجود رہ کر کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام چوہدری ریاض الحق جج کی قیادت میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری ریاض الحق جج ایک ہمہ وقت متحرک اور عوام دوست رہنما ہیں، جو دن رات اپنے حلقے کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
ملک خالد یعقوب نے کہا کہ یہ صرف ایک ابتدائی قدم ہے، اور ان شاء اللہ حلقے کے تمام بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے چوہدری ریاض الحق جج کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت ہی دراصل خدمت، اخلاص اور ترقی کی اصل پہچان ہے، جو حلقے کے ہر فرد کے دل میں گھر کیے ہوئے ہے۔
یہ اقدام نہ صرف چوہدری ریاض الحق جج کی عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے بلکہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کے تسلسل کی بھی علامت ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا ہے۔